چین نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث چینی باشندوں کیخلاف قانونی کارروائی کی حمایت کردی

اسلام آباد: چین نے تبدیلی مذہب کی جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستان میں شادیاں کر کے خواتین کی اسمگلنگ کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی حمایت کر دی ہے۔ چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چین پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کےشہریوں کاتحفظ یقینی بنائے گا۔

اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تبدیلی مذہب کے جعلی کاغذات بنوا کر پاکستانی خواتین سے شادیاں کرنے کے الزام میں گرفتار چینی باشندوں کیخلاف پاکستانی قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔سفارتخانے نے پاکستانی خواتین کو چین میں جسم فروشی پر مجبور کیے جانے یا ان کے اعضا فروخت کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے اور کہا  ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے۔

سفارتخانے کا کہنا ہے کہ سرحد کے اطراف شادیوں کی آڑ میں جرم کرنے والوں کیخلاف پاکستانی قانون کےمطابق کارروائی کی حمایت کرتے ہیں، چین پاکستانی اداروں کیساتھ مل کر دونوں ممالک کے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گا۔ اس مقصد کے لیے چین کی وزارت عوامی تحفظ نے پاکستانی حکام سے تعاون کیلئے ٹاسک فورس پاکستان بھجوا دی ہے۔

Comments are closed.