چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں تاریخ ساز فتح پر قومی ٹیم کو شاباش دی ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں،
بائولرز حارث رئوف اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بائولنگ کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کپتان محمد رضوان نے عمدہ کیپنگ کرتے ہوئے 6 کیچ پکڑے اور صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلائی، بہترین کارکردگی پر حارث رئوف ، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بائولنگ اور بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کے دل جیت لیے، آسٹریلیا کے خلاف بڑی جیت پر کھلاڑیوں نے قوم کو خوشیاں دی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا اور نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا اور آئندہ میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آنے والے میچوں میں بہترین پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
Comments are closed.