یوم حق خود ارادیت:وائس آف جسٹس فارکشمیر اورکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریب

وائس آف جسٹس فار کشمیر اور کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام گزشتہ روز یوم حق خود ارادیت جموں و کشمیر کی مناسبت سے کشمیر ہاوس اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے صدر آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری، سابق صدر و وزیر آزاد جموں وکشمیر اعظم سردار محمد یعقوب خان، امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد خان، حریت رہنما شیخ عبدالمتین اور سردار ذوالفقار روشن خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ تقریب میں سیاستدان، پروفیسرز، دانشور حضرات، طلبا، شعرا، نعت خواں اور دیگر شعبہ ہائی زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یوم حق خود ارادیت تجدید عہد کا دن ہے، ہم اقوام متحدہ کو یاد دہانی کراتے ہیں کہ جس خطہ کشمیر کے لوگوں سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں رائے شماری کا حق دیا جائے ‘ وہ دہائیاں گزرنے کے بعد بھی وعدے کی تکمیل کا انتظار کررہے ہیں اور مسلسل بھارتی افواج کا ظلم سہ رہے ہیں۔ کشمیری عوام لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں لیکن بدقسمتی سے اقوام عالم خواب خرگوش کی گہری نید سورہے ہیں۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے وہ کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ اور مظالم کے نت نئے طریقے آزما رہا ہے۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری عوام ہمت ہارنے والے نہیں ہیں، وہ ایک دن اپنا حق ضرور حاصل کرکے رہیں گے۔

ڈائسپورا امریکا اور یورپ سے ڈاکٹر سید غلام نبی فائی، لارڈ میئر قربان حسین، امتیاز خان، شعیب ارشد، سردار زبیر خان، سردار ظریف خان اور ذاکر حسین سید بھی بذریع ویڈیو لنک تقریب میں شریک ہوئے۔ ڈائسپورا سے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے عزم و حوصلوں کی ہم داد دیتے ہیں، لازوال قربانیوں اور استقامت پر کشمیری عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ کشمیری عوام بھارتی مظالم و بربریت کے سامنے جھکے اور نہ تھکے ہیں۔ بھارت سے تجارت اور دیگر معاملات کی بحالی سے متعلق باتیں کرنے والے لاکھوں شہدا اور انکے ورثا کا احساس کریں۔ کشمیری عوام گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے اپنی آزادادی اور حق خود ارادیت کیلئے قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کررہے ہیں۔لہذا ان کے زخموں پر نمک پاشی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔پاکستانی پارلیمنٹ میں چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے بھی بذریعہ ٹیلی فون تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کیساتھ اظہار یکجہتی اور پاکستان کی طرف سے بھر پور حمایت کا اعادہ کیا۔ تقریب میں وائس آف جسٹس فار کشمیر کے سردار ذوالفقار روشن خان، پروفیسر وارث علی، محمد ندیم کھوکھر اور شوکت علی خان بھی شریک تھے۔ سردار ذوالفقار خان نے تقریب میں شرکت کرنے والے مقررین اور تمام شرکاء کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈائسپورا ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی کشمیری عوام کیساتھ کھڑا رہ کر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

Comments are closed.