اسلام آباد:(سردارعمران اعظم ): کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے دفتر میں کنونیر جناب غلام محمد صفی کی قیادت میں شہید محمد مقبول بٹ، شہید محمد افضل گورو کی برسی کے موقعہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سمینار کا انعقاد کیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنونیر جناب غلام محمد صفی کی قیادت میں شہید افضل گورو و شہید محمد مقبول بٹ کی برسی پر منعقد سمینار میں مقررین نے شہید افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں پھانسیوں، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگر وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا ممتاز کشمیری رہنماؤں شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو سمیت جملہ شہداء کشمیر کے ادھورے مشن کو ہر صورت پورا کیا جائیگا ۔
مقررین نے کہا کہ شہداء کشمیریوں کے حقیقی ہیرو اور جاری تحریک آزادی کا عظیم اثاثہ ہیں۔ بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار کی پاداش میں محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو جبکہ محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا تھا۔ پھانسی کے بعد جیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو کو پھانسی دینا انصاف کا قتل تھا۔ شہید محمد مقبول بٹ و شہید افضل گورو کی پھانسی بھارتی عدلیہ اور اس کے پورے قانونی نظام پر طمانچہ ہے ۔وہ دن دور نہیں جب محکوم کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گئے ۔ مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ محمد مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کیلئے بھارت دباؤ ڈالیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک منصفانہ مقصد کیلئے دلیرانہ جدوجہد میں مصروف ہیں جس کے لیے وہ سات دہائیوں سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ کشمیری شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ لوگ ثابت قدم رہیں اور اس راستے پر عزم ویقین کے ساتھ دٹے رہے جس کے لیے انہوں نے قربانیاں دی ہیں۔مقررین نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر دنیا کے ہر فورم پر اجاگر ہوا ان قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ سمینار میں سنیر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،مشتاق احمد بٹ سکریٹری اطلاعات کل جماعتی حریت کانفرنس،سید فیض نقشبندی،میر طاہر مسعود ،میڈم شمیم شال ،سید اعجاز رحمانی ، جاوید اقبال بٹ،راجہ خادم حسین ،حاجی محمد سلطان ،نثار مرزا، زاہد صفی،امتیاز وانی ،میاں مظفر،شیخ عبدالماجد،محمد اشرف ڈار ، منظور احمد ڈار،سید گلشن،عدیل مشتاق وانی، ثنا و اللّٰہ ڈار،عبد المجید لون ،خورشید میر،عبدالمجید میر،عمران قاضی،رئیس میر نے شرکت کی۔
Comments are closed.