فخر زمان کی جارحانہ نصف سنچری، قلندرز کی زلمی پر شاندار فتح

راولپنڈی: بارش اور تیز آندھی کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 26 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کا آغاز 9 بج کر 45 منٹ پر ہوا اور خراب موسم کے باعث اسے 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان نے جارحانہ انداز میں 60 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔ دیگر بلے بازوں میں محمد نعیم نے 22، آصف علی نے 18، کوشال پریرا نے 17 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ڈینیل سیمز، علی رضا اور احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ڈینیل سیمز 26، احمد دانیال 24، عبدالصمد 17 اور کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا سکے۔ لاہور قلندرز کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، سلمان مرزا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، اور حارث رؤف، سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے بارش سے متاثرہ اس میچ میں اہم کامیابی حاصل کر لی اور اپنے پوائنٹس میں اضافہ کیا۔

Comments are closed.