10ہزار تربیت یافتہ ماہرین، 400 اضلاع میں عملی قیادت، 100 سے زائد تحقیقی روابط کے ساتھ ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے پبلک ہیلتھ کی کمان سنبھال لی
پاکستان میں صحتِ عامہ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) نے تربیت، تحقیق اور پالیسی سازی کے شعبوں میں اپنی قیادت مستحکم کر دی ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو مختلف طبی شعبوں میں تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ 400 سے زائد تربیت یافتہ ماہرین اس وقت ملک کے اضلاع، تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایچ ایس اے: تربیت سے تحقیق تک ایک مضبوط ادارہ
ترجمان نے بتایا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی صرف تربیت تک محدود نہیں بلکہ یہ ادارہ قومی پالیسی سازی، ایمرجنسی ریسپانس اور جدید طبی رجحانات میں بھی ایک قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
کوویڈ-19 کی وبا کے دوران HSA کے گریجویٹس نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (NCOC) میں ویکسینیشن حکمت عملی، سمارٹ لاک ڈاؤن اور ڈیٹا بیس پر مبنی فیصلے تیار کیے۔
ڈینگی کے خلاف مؤثر اقدامات
ترجمان نے ڈینگی وائرس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ HSA سے تربیت یافتہ ماہرین نے لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کراچی میں ہاٹ سپاٹ میپنگ، لاروہ سرویلنس، کمیونٹی انگیجمنٹ اور ویکٹر کنٹرول کے مؤثر ماڈلز متعارف کروائے۔
بین الاقوامی سطح پر خدمات
ایچ ایس اے کے ماہرین نہ صرف فیلڈ میں بلکہ پالیسی سازی کی سطح پر بھی سرگرم ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (WHO)، یونیسف، ورلڈ بینک سمیت دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مشاورتی خدمات بھی سرانجام دی جا رہی ہیں۔ ان ماہرین کی تحقیقات کو قومی منصوبہ بندی میں شامل کیا جا رہا ہے۔
دور دراز علاقوں میں موجودگی
بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پنجاب جیسے حساس علاقوں میں HSA کے تربیت یافتہ افراد ضلع ہیلتھ دفاتر میں ایم اینڈ ای آفیسرز، پروگرام منیجرز کی حیثیت سے موجود ہیں اور ہر ہنگامی صورتحال میں فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کرتے ہیں۔
ایگزیکٹو ایجوکیشن اور مستقبل کی ترجیحات
ترجمان نے بتایا کہ HSA کے سینٹر فار ایگزیکٹو ایجوکیشن ان ہیلتھ کے تحت 10 ہزار سے زائد افراد کو ہسپتال مینجمنٹ، گورننس، مانیٹرنگ اور صحتِ عامہ کی دیگر جہتوں پر تربیت دی گئی ہے۔
مستقبل کی سمت کا تعین کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ادارہ کلائمٹ ہیلتھ، ڈیجیٹل ہیلتھ، صنفی برابری اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پر مبنی تحقیق اور تربیت سے پاکستان کو ایک خود کفیل اور صحت مند ملک بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایچ ایس اے آئندہ بھی صحت کے شعبے میں ایک مؤثر، ہنر مند اور فعال ہیلتھ ورک فورس کی تیاری جاری رکھے گا، تاکہ پاکستان کے ہر حصے میں موثر صحت خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
Comments are closed.