کپتانوں کی تبدیلی؟ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افواہوں کی تردید کردی
رضوان کی جگہ سلمان آغا کو کپتان بنانے کی خبریں غلط ہیں جبکہ شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو کپتان نہیں بنایا جارہا
اسلام آباد(صدام حسین)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتانوں کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتانی کی تبدیلی کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے‘پی سی بی کے بیان کے بعد اس حوالے سے تمام تر افواہوں کی تردید ہوگئی ہے اور افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔پی سی بی نے کہا ہے کہ رضوان کی جگہ سلمان آغا کو کپتان بنانے کی خبریں غلط ہیں جبکہ شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو کپتان نہیں بنایا جارہا۔بیان کے مطابق سلیکشن کمیٹی میں اس حوالے سے کوئی معاملہ زیر غور نہیں آیا، کپتانی کے حوالے سے تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جب بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی، بھارت سے بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا، اب ان کی ٹیم سیاست سے نکلی ہے امید ہے بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کس کو شامل کرنا ہے کس کو نہیں یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، ہماری ٹیم ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کرے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم پر تنقید کم کردیں ایک میچ ہوتا نہیں اور رگڑا لگادیتے ہیں، ٹیم نے محنت کرنی ہے ہم سب نے ان کے پیچھے کھڑے ہونا ہے۔علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
Comments are closed.