جشن میلاد النبی کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی میں محفل میلاد کا انعقاد

ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل حسبِ روایت پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی اہلیہ محترمہ لبنیٰ رضوان کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں امریکہ میں مقیم پاکستانی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

درود و سلام اور نعتیہ کلام کی محفل

محفل کا آغاز درود و سلام اور نعتیہ کلام سے ہوا۔ شرکاء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نعت خوانی میں محترمہ زہرا نورانی، راحیلہ فردوس، الماس آصف، انیلہ، عظمیٰ ولی، نیئر نقوی، تسنیم رئیس، تہمینہ علی اور طیبہ نے اپنے کلام کے ذریعے آقائے دو جہاں ﷺ سے عقیدت کا اظہار کیا۔

لبنیٰ رضوان کا خطاب

محترمہ لبنیٰ رضوان نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ربیع الاول کی عظمت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت اور آپ ﷺ کی زندگی کے روشن اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات رحمت، محبت اور ہدایت کا مینار ہے، اور ہمیں اپنی روزمرہ زندگی انہی سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالنی چاہیے۔

تارکین وطن کی ذمہ داریاں

بیگم لبنیٰ رضوان نے اپنے خطاب میں تارکین وطن کو دہری ذمہ داری کا احساس دلایا کہ جہاں وہ اپنے دین، وطن اور تہذیب و تمدن کی حفاظت کریں، وہیں اپنے طرزِ عمل سے یہ بھی ثابت کریں کہ وہ واقعی خاتم النبیین ﷺ کے سچے امتی ہیں۔

خصوصی شکرانہ اور دعائیں

انہوں نے کہا کہ اس سال مئی کے مہینے میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی خاص مہربانی سے حاصل ہونے والی معرکہ حق میں فتح پر بھی یہ محفل شکرانے کے طور پر منعقد کی گئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز پاکستان کی ترقی و سربلندی اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments are closed.