محسن نقوی کا بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر کرارا جواب، معافی کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بی سی سی آئی سے معافی مانگنے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ سے حقائق کے بجائے جھوٹ پر پروان چڑھتا آیا ہے۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے بی سی سی آئی سے کبھی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا کیونکہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔”

محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا اصل مقصد اپنے ہی عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل میں سیاست کو داخل کر دیا ہے، جس سے کھیل کی روح کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

چیئرمین اے سی سی نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے وہ بھارت کو ٹرافی دینے کے لئے تیار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم چاہے تو اے سی سی کے دفتر آ کر ٹرافی وصول کر سکتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ “ہم بھارتی ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔”

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ محسن نقوی نے بی سی سی آئی سے کسی معاملے پر معافی مانگی ہے، تاہم اے سی سی چیئرمین نے اس خبر کو سختی سے جھٹلا دیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تنازع ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ بھارت کھیل کو سیاست کے تابع بنا رہا ہے، جس سے ایشیائی کرکٹ میں تقسیم کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔

Comments are closed.