راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم کے ٹیل اینڈرز نے آخری تین وکٹوں پر 194 رنز جوڑ کر میچ کا رخ بدل دیا اور پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
ٹیل اینڈرز کا کمال
راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 185 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ دن کا آغاز پاکستان کے اسپنر آصف آفریدی کے شاندار اسپیل سے ہوا جنہوں نے بغیر کسی اضافی رن کے ڈیوالڈ بریوس کو پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد آصف آفریدی نے یکے بعد دیگرے کائل ویرائن اور ٹریسٹن سٹبس کو بھی آؤٹ کر کے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ مارکو جینسن کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، جس کے بعد جنوبی افریقہ کے 8 کھلاڑی 210 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔
تاہم سینورن میتھوسامی اور کیشو مہاراج نے مزاحمت کرتے ہوئے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ اس کے بعد میتھوسامی نے کگیسو ربادا کے ساتھ مل کر نویں وکٹ پر 98 رنز کا اضافہ کیا۔
کگیسو ربادا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ میتھوسامی 89 رنز ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی بولنگ کارکردگی
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
آصف آفریدی ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ کارنامہ عبدالرحمن نے انجام دیا تھا۔
دوسرے روز کا احوال
گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 259 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تھی۔ سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، اور سعود شکیل نے نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم درمیانی آرڈر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد پوری ٹیم 333 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کی صورتحال
جنوبی افریقہ کی 71 رنز کی برتری کے بعد اب پاکستان اپنی دوسری اننگز میں محتاط آغاز کا خواہاں ہے۔ پچ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہو رہی ہے، جس کے باعث اگلے دو دنوں میں میچ کے نتیجے کی توقع بڑھ گئی ہے۔
Comments are closed.