بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، مزید 4 کشمیری شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نہتے اور معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنا معمول بنا لیا ہے، بربریت کے تازہ واقعہ میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غاصب فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ضلع شوپیاں میں کیگام کے علاقے درمدورا میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا اور اس دوران  4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

مقبوضہ وادی کی کٹھ پتلی پولیس کے حکام نے ماورائے قانون قتل عام کی اس تازہ واقعہ کو چھپانے کے لیے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں افراد پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ عوام میں بڑھتے اشتعال اور علاقے کی صورت حال کو دنیا بھر میں ظاہر ہونے کے خوف سے حکام نے ضلع بھر میں انٹر نیٹ سروس بند کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بارہ مولا میں اسی طرح کی ایک کارروائی میں ایک نوجوان کو شہید کیا گیا تھا۔

Comments are closed.