ہم ایسے بھی کمزور نہیں صاحب۔۔۔ ڈرنے والے اور ہونگے، آصف زرداری

اسلام آباد: نیب کی زیرحراست آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ سابق صدر نے فاضل جج کے ساتھ مکالمہ میں جیل سے نہ ڈرنے کا دعویٰ کیا۔ عدالت کا ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنےکا حکم ، 8 جولائی کو آئندہ سماعت پر فرد جرم کی تاریخ طے کرنے کا بتا دیا۔

جعلی اکاؤنٹس میگامنی لانڈرنگ کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کو سخت سیکورٹی میں احتساب عدالت میں پیش  کیا گیا۔ آصف علی زرداری نے شریک ملزم انور مجید کی بیماری کی بات کی تو جج ارشد ملک نے کہا جو بھی گرفتار ہو بیمار ہو جاتا ہے۔

اس پر آصف زرداری کا کہنا تھا ہم ایسے بھی کمزور نہیں صاحب ، 13 سال قید کاٹی ، وہ اور ہوں گے جو ڈرتے ہیں ۔ جج احتساب عدالت نے کہا کچھ لوگ شیر سے ڈرتے ہیں تو کچھ سانپ سے ۔۔۔ آصف زرداری نے جواب دیا موجودہ وزیراعظم تو چھپکلی سےڈرتا ہے ، آصف زرداری کے اس جملے پر جج نے“نو کمنٹس “ کہہ دیا ۔ فاضل جج نے فریال تالپور کی عدم حاضری سے متعلق پوچھا تو تفتیشی افسر نے بتایا وہ پروڈکشن آرڈر پر سندھ اسمبلی کا اجلاس اٹینڈ کر رہی ہیں ۔

آصف زرداری نے ملزمان کو ہتھکڑیاں لگانے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا یہ ڈکیت ہیں اور نہ ہی ملک دشمن عناصر ہیں ۔ جج ارشد ملک نے جواب دیا میرے پاس 3 ملزم لائے گئے تو میں نےانہیں سماج دشمن عناصر کہا ، اس پر ملزمان کا کہنا تھا ہم سماج نہیں بلکہ اناج دشمن ہیں ، فاضل جج کی اس بات پر زور کا قہہقہ لگا۔ نیب نے ریفرنس کی حتمی نقول احتساب عدالت میں جمع کرا دیں ۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی جائیں ،8جولائی کو آئندہ سماعت پر فردجرم کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔

Comments are closed.