مظفرآباد: سیکرٹریٹ ایلیمنڑی اینڈ سکینڈری ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرنے محکمہ کے تمام تدریسی و انتظامی افسران و اہلکاران کےلیے اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی ادارہ جات میں داخل کروانا لازمی قرار دے دیا۔
محکمہ تعلیم کے جملہ افسران، معلمین و معلمات جملہ کیڈر تدریسی وانتظامی سٹاف کی ترقیابیوں، ٹائم سکیل، قریبی سٹیشن پر تبادلہ جات، رخصت، جی پی ایف ریفنڈ، این او سی، قرضہ تعمیر مکان وغیرہ جیسی جملہ مراعات کو اپنے بچوں کی سرکاری تعلیمی ادارہ جات میں تدریس سے منسلک کردیا ہے۔
جن اساتذہ کے بچے پرائیویٹ ادارہ جات میں زیرتعلیم ہوں گے وہ ماسوائے تنخواہ، دیگرمراعات حاصل نہ کرسکیں گے۔ اس سلسلہ میں سیکرٹریٹ ایلیمنڑی اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ پالیسی سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ کے جملہ انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ کے جملہ تدریسی و غیرتدریسی عملے کے کیسز برائے ترقیابیاں، ٹائم سکیل، جی پی ایف ریفنڈ، قرضہ تعمیر مکان، قر یبی سٹیشن پر تبادلہ، رخصت، این او سی ودیگر الاؤنسز کے ہمراہ اس امر کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کریں کہ ان مدرسین کے بچے کسی پرائیویٹ ادارے میں زیر تعلیم نہ ہیں۔
غلط سرٹیفکیٹ/تصدیق فراہم کرنے والے انتظامی افسران کے خلاف ریموول فرام سروس (سپیشل پاورز) ایکٹ 2001ء کے تحت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تعلیمی اور عوامی حلقوں نے اس فیصلے کو سراہا ہے اور اسے تعلیمی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
Comments are closed.