جوبائیڈن نے ہم جنس شادیوں کے تحفظ کےلئے تاریخی قانون پردستخط کردیئے
وائٹ ہائوس میں تقریب کے دوران دستخط کئے گئے،امریکہ نے مساوات، آزادی اور انصاف کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے،یہ قدم صرف کچھ لوگوں کے لیے نہیں، بلکہ ہر ایک کے لیے ہے،امریکی صدر
امریکی صدر جو بائیڈن نے وفاقی سطح پر ہم جنس اور بین النسلی شادیوں کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون پر دستخط کر دیئے ہیں۔اس موقع پر جو بائیڈن نے شادی کے احترام نامی ایکٹ پر دستخط کرنے سے قبل کہا کہ امریکہ نے مساوات، آزادی اور انصاف کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ یہ قدم صرف کچھ لوگوں کے لیے نہیں، بلکہ ہر ایک کے لیے ہے۔
جو بائیڈن نے اس قانون کو ایک ایسی قوم بنانے کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے۔جہاں شائستگی، وقار ، محبت کی پہچان، عزت اور تحفظ ہو۔اس بل کی منظوری کے بعد یہ قانون 1996 کے ڈیفنس آف میرج ایکٹ کو منسوخ کرتا ہے جو وفاقی قانون کے تحت شادی کو مرد اور عورت کے درمیان یونین قرار دیتا تھا۔
نیا قانون ریاستوں کو دوسری ریاستوں میں کی جانے والی ہم جنس اور نسلی شادیوں کو تسلیم کرنے کا بھی تقاضہ کرے گا حالاں کہ یہ ریاستوں کو ان شادیوں پر پابندی کے قوانین کو منظور کرنے سے نہیں روکتا۔
وائٹ ہائوس میں اس قانون پر صدر کے دستخط کی تقریب کے موقع پر امریکہ کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا کہ لاکھوں امریکیوں کے لیے اس قانون کے اثرات ضروری اور بالکل بنیادی ہیں۔یہ مساوات کو یقینی بناتا ہے، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم جنس اور نسلی جوڑے ان تمام قانونی تحفظات اور مالی فوائد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جو شادی کی صورت میں حاصل ہوتے ہیں۔
Comments are closed.