بھارتی اداکار و میزبان کپل شرما کا جلد شادی کرنے کا اعلان

ممبئی: بھارت کے معروف میزبان و اداکار کپل شرما نے دسمبر میں شادی کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارت کے مقبول مزاحیہ پروگرام ’کامیڈی نائٹس‘ اور ’دی کپل شرما شو‘ سے شہرت پانے والے کپل شرما نے جہاں کئی ماہ کی کنارہ کشی کے بعد ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو جلد ہی شادی کرنے کی بھی خوش خبری دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ دسمبر میں منگیتر گنی چتراٹ سے شادی کر رہے ہیں جوکہ اُن کے لیے اہمیت کی حامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ
’والدہ بھی کافی عرصے سے کہہ رہی ہیں کہ مجھے اب شادی کر لینی چاہیے اور مجھے بھی اچانک ہی احساس ہوا ہے کہ میری عمر بھی کافی ہوگئی ہے۔‘

کپل نے شوخ لہجے میں کہا کہ

’اگر میں اب بھی شادی نہیں کرتا اور ایک دو سال بعد منگیتر نے مجھے انکار کردیا تو پھر کوئی بھی مجھ سے شادی کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ اب تک شادی کی تاریخ کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن ارادہ ہے کہ شادی دسمبر میں ہی قرار پائے گی۔

Comments are closed.