سندھی ٹوپی اجرک ڈے پر روایتی جوش و خروش

کراچی: سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے سندھ سمیت ملک بھر میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔

ملک میں سندھی ثقافت کے دن کی مناسب سے کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جب کہ مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

منتظمین نے ریلیوں کے شرکاء میں سندھی ٹوپی اور اجرک تقسیم کی ۔ سندھ کے مہمان نواز باسیوں نے اپنے دوستوں اور احباب کو مبارکباد اور تحائف پیش کرکے اپنی خوشیوں میں شریک کیا، اس دن ہر چھوٹا بڑا شخص سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے اپنی ثقافت پر فخر کرتا نظر آتا ہے اور سندھی گیتوں پر رقص کیا جاتا ہے۔

جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں شاہ لطیف بھٹائی کے کلام پر مبنی گیتوں اور دھنوں کی گونج پر شرکاء محو رقص رہے۔ کراچی میں حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پی ٹی آئی نے انصاف ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جب کہ سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے بھی مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

واضح رہے کہ سندھی ٹوپی اجرک ڈے ہر سال ماہ دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جاتا ہے، پہلی بار سابق صدر آصف زرداری کے دور حکومت میں 2009 میں یہ دن منایا گیا تھا۔

Comments are closed.