کراچی: پاکستان کی نامور ٹی وی اداکارہ اقرا عزیز نے اپنے اور اپنے منگیتر یاسرحسین پر تنقید کرنے والوں کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے کام سے کام رکھیں اور رنگ میں بھنگ نہ ڈالیں۔
لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران اداکار یاسرحسین کی جانب سے اقراعزیز کو شادی کی پیشکش کرنے کے انداز کو سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کاخیال ہے کہ کسی کو شادی کی پیشکش کرنے میں کوئی برائی نہیں لیکن جو انداز یاسر حسین نے اختیار کیا وہ درست نہیں تھا۔
اقرا عزیز نے منگنی کی انگوٹھی کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کراتے ہوئے ناقدین کو جواب دیا اور کہا کہ ‘میری یہ خوشی اتنی بڑی ہے کہ مجھے صرف اچھی باتیں اور دعائیں سنائی دے رہی ہیں۔ یاسر حسین نے پوری دنیا کے سامنے اپنی محبت کا اظہار کیا جس کے لیے بہت ہمت چاہیئے ہوتی ہے اور میں بہت خوش ہوں’۔
اقرا عزیز نے مزید کہا ہے کہ ‘اگر لڑکی شادی کی پیشکش کرتے وقت روتی نہیں بلکہ اس خوشی کے لمحے کو ہنس کر انجوائے کرتی ہے تو یہ نہیں کہتے کہ یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہوا، رنگ میں بھنگ نہ ڈالیں اوراپنی خوشی کا انتظار کریں’۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شوبزفنکاروں نے بھی یاسر حسین کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا جب کہ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ ان دونوں نے یہ ڈراما میڈیا پرشہرت حاصل کرنے کے لیے کیا تھا۔
Comments are closed.