“پاکستانی شوبز میں ایوارڈز خریدے جاتے ہیں، اصل ایوارڈ بینک اکاؤنٹ ہے”:اریبہ حبیب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اریبہ حبیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ایوارڈز جیتنے کا عمل شفاف نہیں بلکہ خریدا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایوارڈز سے زیادہ “ریوارڈ” کو اہمیت دیتی ہیں، کیونکہ ایوارڈز خریدنے پڑتے ہیں اور جب کبھی چاہیں وہ خرید سکتی ہیں، لیکن انہیں ان کی ضرورت ہی نہیں۔

ایوارڈز خریدنے کا الزام

ایک حالیہ انٹرویو میں اریبہ حبیب نے کہا کہ “ایوارڈز تو ہر جگہ دستیاب ہیں، مگر مجھے وہ ایوارڈ نہیں چاہیے جو خریدنا پڑے۔” ان کے مطابق یہ اعزازات اداکار کی اصل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتے بلکہ پیسے کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔

ماڈلنگ سے اداکاری تک سوچ کی تبدیلی

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ ماڈل تھیں تو ایوارڈز کو بڑی اہمیت دیتی تھیں، لیکن جیسے ہی اداکاری کی دنیا میں آئیں، یہ سب بے معنی ہوگیا۔ انہوں نے کہا: “ایک اداکار کے لیے اصل ایوارڈ وہ باتیں ہیں جو وہ سیٹ چھوڑنے کے بعد ساتھی اداکاروں اور ٹیم سے سنتا ہے۔”

بینک اکاؤنٹ کو اصل ایوارڈ قرار

اریبہ حبیب نے مزید کہا کہ ایک اداکار کے لیے اس کا بینک اکاؤنٹ ہی اصل ایوارڈ ہے۔ ان کے مطابق انڈسٹری میں کئی ایسے سینئر اداکار موجود ہیں جن کے پاس ایوارڈز کی لمبی فہرست ہے، لیکن بیماری کے وقت علاج کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں ہوتے۔ “ایسے اداکاروں کو دیکھ کر میری آنکھیں بھر آتی ہیں۔”

بالی ووڈ میں بھی یہی مسئلہ

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایوارڈز پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ بالی ووڈ میں بھی کئی مرتبہ بڑے اداکاروں کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جا چکا ہے کہ ایوارڈز دیے نہیں جاتے بلکہ خریدے جاتے ہیں۔ اب لالی ووڈ میں بھی اسی حقیقت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

Comments are closed.