کراچی :پاکستان کی معروف اداکارہ دردانہ بٹ 83 برس کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔ اداکارہ دردانہ بٹ کینسر جیسے موذی مرض میں بھی مبتلا تھیں اور گزشتہ دو ہفتوں سے اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ دردانہ بٹ نے ڈراماسیریل ’’آنگن ٹیڑھا‘‘ میں ’’ہمشیرہ‘‘ کا لازوال کردار نبھایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’’سلسلے‘‘، ’’تنہائیاں‘‘ اور ’’انتظار‘‘ جیسے ڈراموں میں ناقابل فراموش کردار ادا کیے۔
دردانہ بٹ کے انتقال کی خبر پر شوبز سے وابستہ فنکاروں کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی موت کو تفریحی صنعت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے۔
دردانہ بٹ 9 مئی 1938ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کینیئرڈ کالج سے اپنی تعلیم مکمل کی، بعد میں وہ یونیورسٹی آف ٹولیڈو چلی گئیں جہاں انہوں نے اوہائیو ایجوکیشنل ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے اداکاری کا آغاز کیا، جہاں وہ کمرشل اور ماڈلنگ میں شامل ہوئیں۔ انھوں نے تھیٹر میں بھی کام کیا جہاں ایک ہدایت کار نے انہیں مزاحیہ ڈرامے میں اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے اس کردار کو قبول کر لیا اور جلد ہی انہوں نے پی ٹی وی چینل پر بہت سارے ڈرامے کیے۔
دردانہ بٹ کی فطری اداکاری اور اظہار خیالات کی وجہ سے ان کی تعریف کی گئی۔ 1978ء میں انھوں نے معین اختر کے ساتھ مذاحیہ پروگرام، “ففٹی ففٹی” میں ایک کردار کیا تھا، یہ پروگرام، 1984ء میں ختم ہوا، انھیں ناظرین کی طرف سے بہت زیادہ پزیرائی ملی اور وہ سامعین میں خوب مشہور ہوئیں
Comments are closed.