پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شدید ذہنی دباؤ کے باعث معمولی ہارٹ اٹیک ہوا، جس کے بعد اگلے روز ان کی انجیوگرافی کی گئی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ اب صحت یاب ہیں اور اس تجربے نے انہیں ذہنی صحت کی اہمیت کا احساس دلایا۔
صبا قمر کا انکشاف
اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیرئیر، زندگی کے نشیب و فراز اور ذہنی صحت سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ “ہم سب سمجھتے ہیں کہ ہم بہت مضبوط ہیں، ہر حالت کا مقابلہ کر سکتے ہیں، لیکن بعض اوقات یہی حالات انسان کو ذہنی طور پر اس حد تک متاثر کرتے ہیں کہ جسمانی بیماریوں میں بدل جاتے ہیں۔”
دل کا دورہ اور انجیوگرافی
صبا قمر نے بتایا کہ حال ہی میں انہیں ذہنی دباؤ کے باعث معمولی ہارٹ اٹیک ہوا۔
انہوں نے کہا، “مجھے ایک دن دل کا ہلکا دورہ پڑا اور اگلے روز میری انجیوگرافی کی گئی۔ الحمدللہ اب میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ دل کے دورے کی صرف کولیسٹرول یا چکنائی ہی وجہ نہیں بنتی، بلکہ کئی مرتبہ ذہنی تناؤ، جذباتی تکلیف یا مسلسل دباؤ بھی جسم کے نظام پر براہ راست اثر ڈالتے ہیں۔
ذہنی صحت
صبا قمر نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “ہم اکثر ذہنی صحت کو اہمیت نہیں دیتے، لیکن یہی سب سے زیادہ ضروری ہے۔ میں چاہتی ہوں لوگ اپنی دماغی اور جذباتی کیفیت کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ یہی اصل صحت کی بنیاد ہے۔”
شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب
یاد رہے کہ رواں برس یکم اگست کو صبا قمر شوٹنگ کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال منتقل کی گئی تھیں۔ بعد ازاں فیملی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں ایک ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔
صبا قمر نے اس موقع پر مداحوں سے دعاؤں اور سپورٹ پر اظہارِ تشکر کیا تھا۔
Comments are closed.