عورت کا طلاق شدہ ہونا جرم نہیں،ماڈل متھیرا کا ناقد کو جواب

کراچی: نامور پاکستانی ماڈل متھیرا کا کہنا ہے خواتین کا طلاق یافتہ ہونا گناہ نہیں انہیں بھی جینے کا حق ہے۔

متھیرا اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنتی ہیں۔ حال ہی میں ایک صارف نے متھیرا کو ان کی تصویر پوسٹ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا’’اب یہ تو زیادہ دکھاوا ہورہا ہے، سب جانتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت اور نٹ کھٹ ہیں لیکن آپ طلاق یافتہ بھی ہیں‘‘۔

سوشل میڈیا پر دیے گئے جواب میں متھیرا نے خود پرطلاق شدہ کا لیبل لگانے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’’طلاق یافتہ ہونا گناہ نہیں ہے، اب طلاق شدہ کے لفظ کو بند ہوجانا چاہیے، ہر لڑکی کو اورطلاق یافتہ خواتین کو بھی جینے کا حق ہے لہٰذا خود بھی جیئیں اور دوسروں کو بھی جینے دیں‘‘۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ’’بہت افسوس کی بات ہے آپ جیسے مرد اس معاشرے کا حصہ ہیں، اس میں شرم کی کیا بات ہے اگر کوئی عورت طلاق یافتہ ہے، آپ کو لگتا ہے طلاق یافتہ خاتون اچھے کپڑے نہیں پہن سکتی اور نا ہی زندگی کا لطف اٹھا سکتی ہے۔ آپ کے خیال میں مجھے صرف سفید لباس پہن کر گھومنا چاہیے۔ جناب بہتر ہوگا آپ اس طرح کی سوچ کو ختم کردیں اور خواتین کی عزت کریں چاہے وہ شادی شدہ ہو، غیر شادی شدہ یا طلاق یافتہ ہو‘‘۔

Comments are closed.