سانت خوان فیستا۔۔۔ آتش بازی کی رات

تحریر: وسیم رزاق ، بارسلونا

جس ملک میں آپ رہتے ہیں اس کے تہواروں کے بارے میں معلومات اور ان کی اہمیت سمجھنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ اسپین کے دیگر تہواروں کی طرح ایک مشہور تہوار سانت خوان فیستا ہے۔ 23 جون کی رات کو منائے جانے والے اس تہوار کو آتش بازی کا تہوار کہا جاتا ہے۔ یہ رات سونے کے لیے نہیں بلکہ بھرپور انداز میں منانے کیلئے ہوتی ہے۔

بارسلونا میں میں رہائش پذیر شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو اس رات کو ساحل سمندر بارسلونیتا کا رخ نہ کرتا ہو۔ کیونکہ ساحل سمندر پر سرشام میلہ لگ جاتا ہے، کہیں ڈرم بیٹس پر منچلے بدیسی ڈانس کرتے تو کہیں پاکستانی اور بھارتی شہری بھنگڑے ڈالتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس رات کو بھرپورانداز میں منانے کے بعد اگلے دن یعنی 24 جون کو عام تعطیل ہوتی ہے۔

سانت خوان فیستا کیا ہے۔۔۔ ہسپانوی زبان میں فیستا تہوار کو کہا جاتا ہے، سانت خوان فیستا تہوار 20 سے 24 جون تک ہوتا ہے لیکن 23 جون کو سال کی سب سے چھوٹی رات کو منایا جاتا ہے، دنیا بھر میں بسنے والے کاتالان خصوصی طورپرتہوارکو مناتے ہیں، ان کا مانناہے کہ اس رات سورج سب سے زیادہ بلندی سے ابھرتاہے سورج کو زرخیزی اور دولت کی نشانی سمجھاجاتاہے۔

سانت خوان فیستا میں آگ، پانی اور جڑی بوٹیوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے آگ کو پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتاہے اسی نسبت شہر بھر میں پرانی لکڑیوں اور کپڑوں کو اکٹھاکر کے آگ لگائی جاتی ہے اس کے ساتھ ہر گلی محلے اور بالخصوص ساحل سمندرپر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جاتا ہے اس رات پانی کو شفا کے لیے استعمال کیا جاتاہے بہت سارے لوگ اس رات میں بیماریوں سے نجات کیلئے سمندر کے پانی میں غسل کرتے دکھائی دیتے ہیں، اس رات کو جڑی بوٹیوں کا استعمال بھی نیک شگون مانا جاتا ہے تبھی تو ان کی فروخت بھی بڑھ جاتی ہے۔

گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اس تہوار کا لوگ شدت سے انتظار کرنا شروع کر دیتے ہیں، اسپین  کے مقامی لوگ اس دن کی مناسبت سے خصوصی تیاری کرتے ہیں اسی تناظر میں بارسلونا میونسپل حکومت کی جانب سے شہرمیں جگہ جگہ آتش بازی کے سامان کی دوکانیں لگائی جاتی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے مقامی لوگ گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں جو گھر میں پارٹی نہ کریں وہ ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں۔ ساحل سمندر پر موجود ہوٹلوں پر اس رات کو بیٹھنے کے لئے اضافی ٹیبل لگائے جاتے ہیں۔ اس تہوار کا خصوصی پکوان کوکاہے جو کہ ایک میٹھے کیک کی شکل میں مختلف فلیورز میں بنایاجاتاہے۔ اس تہوارکو بچے بوڑھے جوان سبھی روایتی جوش و جذبے اور ہسپانوی انداز میں مناتے ہیں۔

ایک سروے کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں بسنے والا ہرخاندان اس تہوار کو منانے کے لئے اوسطا 40 یورو آتش بازی کے سامان پر صرف کرتاہے، جب کہ 70 ہزار کے قریب لوگ صرف بارسلوناکے ساحلوں پر اس تہوار کو مناتے ہیں۔

کوروناوائرس کے پھیلاو کے بعداسپین میں ایمرجنسی لاک ڈاون لگایاگیا۔اس بار سانت خوان تہوار منانے کے لئے نیا طریقہ کار وضع کیاگیاہے۔ بارسلوناحکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بھیڑ بھاڑ سے پرہیز کریں۔ ساحل سمندر بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔آتش بازی کے سامان کی فروخت بھی محدود پیمانے پر ہوگی۔ حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں کے قریب ہی اس تہوار کو منالیں اور بھیڑبھاڑ سے اجتناب کریں۔

وسیم رزاق پاکستان میں براڈ کاسٹ جرنلزم کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ پاکستان کے صف اول کے ٹی وی چینلز کے ساتھ منسلک رہے، اب وسیم رزاق نیوز ڈپلومیسی میڈیا گروپ (ویب سائٹ، این ڈی ٹی وی اور میگزین) کے اسپین میں اسٹیشن ہیڈ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تحریر کے بارے میں اپنی آراء مندرجہ ذیل ای میل یا واٹس ایپ پر دے سکتے ہیں۔

E-Mail: wsmrzzq@gmail.com   ~  Whatsapp No:0034635306506

Comments are closed.