ہر روز دوسروں کا محاسبہ کرنے والے جب تک اپنا محاسبہ نہیں کریں گے ترقی ممکن نہیں

تحریر: وقار احمد

محاسبہ

کرپشن کا لفظ سنتے ہی ہمارے ذہںن میں پہلی بات پیسہ اور سیاستدان آتے ہیں. یہ بات بالکل بجا ہے کہ ہمارے ملک کے سیاستدانوں نے کرپشن جیسا ظلم بہت احسن انداز سے سر انجام دیا ہے مگر کرپشن کا داۂرہ کار بہت وسیع ہے. اگر ہم اپنا محاسبہ کریں تو معاشرے میں کرپشن جیسی موذی مرض وسیع پیمانے میں دیکھنے کو ملے گی. ہر شعبہ ہاۓ زندگی میں یہ ظلم ہوتا دکھائ دے گالیکن ہر فرد خود کی ذات میں پاک صاف ہو گا اور اس کی نظر میں ہر دوسرا فرد کرپٹ دکھائ دے گا۔

سچ بات تو یہ ہے کہ جب تک معاشرے میں رہنے والا ہر فرد اپنا محاسبہ نہ کرے اور نہ ہی اپنی اصلاح کرے بلکہ محض باتوں اور دوسروں کو لعن طعن کرنے سے کام رکھےتو معاشرہ کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا. اگر کوئی فرد حقوق اللہ اور حقوق العباد پورے نہیں کر رہا تو آپ کرپٹ ہیں, اگر معاشرے میں رہنے والا فرد کسی دوسرے کی تکلیف کو محض اس لیے نظر انداز کر دے کہ اسے اس سے کیا لینا دینا تو وہ بھی کرپشن کا ہی حصہ ہے. الغرض وقت کی پابندی سے لے کر انسانی حقوق کی پامالی جیسا کہ کسی کا حق کھانا, اساتذہ کا احترام نہ کرنا, کسی فرد کو بلا وجہ تنگ کرنا, دوست احباب کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ کرنا, میرٹ کی پامالی کرنا اور لائن میں لگنے سے زیادہ اپنے اثر رسوخ رسوخ کی وجہ سے دوسروں کا حق مارنے کو ترجیح دینا بھی کرپشن ہے مگر ان سب باتوں کو بہت معمولی سمجھا جاتا ہے اور عام سطح پر یہ باتیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

بدعنوانی(کرپشن) زندگی کے کسی بھی شعبہ میں ہو سکتی ہے وہ چاہے آپ کے کردار میں, آپ کے قول و فعل میں یا آپ کی سوچ میں ہو. آپ کسی کو غلط مشورہ دیتے ہیں چاہے آپ کسی دوسرے کا برا سوچتے ہیں تو آپ کرپشن کے مرتکب ہوتے ہیں. ظلم کے خلاف نہ بولنا اور سچائی کا سامنا نہ کرنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔

ہماری کاوش اس ناسور کو ختم کرنے کیلئے اتنی سست اور کمزور ہے. جیسے ایک کہاوت ہے کہ ایک شخص سردی میں چادر اوڑھ کر سوتا ہے اور اس سکون کی وجہ سے وہ چادر سے منہ باہر نکالنا گوارا نہیں کرتا اور کسی دوسرے شخص کو آواز دے کے پوچھتا ہے کہ باہر صبح کا روشن سورج طلوع ہوا یا نہیں. معاشرے کی اصلاح کیلیے ہر فرد کو اپنی اصلاح کرنی ہو گی. دوسروں کو غلط ثابت کرنے سے بہتر ہے کہ ہر فرد اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوۓ اس کی تلافی بھی کرے. ترقی یافتہ معاشرے میں ہر فرد اپنی ذات کا محاسبہ کرتا ہے اور اسی بات کی بنا پر وہ پورا معاشرہ ترقی کرتا ہے.

1 Comment
  1. M.Arish says

    Good job brother.. keep it up.. Allah bless you

Comments are closed.