شوگرملزمالکان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، پنجاب حکومت

اسلام آباد: حکومت پنجاب کے شوگر ملز مالکان کے ساتھ معاملات طےپاگئے ہیں۔شوگر ملیں آج سےکرشنگ شروع کریں گی۔ پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین نعمان خان نے کہا ہے وفاقی اورپنجاب حکومت کی یقین دہانی پر کرشنگ کا آغاز کریں گے۔

پنجاب حکومت اور پاکستان شوگر ملزایسوسی ایشن پنجاب زون کے لاہور میں مذاکرات ہوئے۔ بعد میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہبا ز گل اور صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شوگر ملز مالکان کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 2 ارب 90 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ گنے کا ریٹ ایک سو اسی روپے فی من ہو گا۔ اورکٹوتی قانون کے مطابق ہوگی۔

پنجاب حکومت سے مذاکرات میں شوگر مل مالکان کے نمائندے، چودھری ذکاء اشرف، سعید چودھری، اسلم چودھری، علی الطاف سلیم اور محمد رفیق شریک ہوئے۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین نعمان خان نے پریس کانفرنس میں جمعہ سے کرشنگ شروع کرنے کی تصدیق کردی۔

پنجاب حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ بقایات جات ماضی کی حکومت نے سبسڈی کی مد میں دینے تھے، جو ادا نہیں کئے گئے۔ شوگر ملوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ برآمدات کے حوالے سے بھی معاملات حل کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے بھرپور سفارش کی جائے گی۔

Comments are closed.