اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، قرض کی رقم تجارتی خسارے پر قابو پانے کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
برآمدات میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر کرنے اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ جس کی بدولت بیرونی ادائیگیوں کے دباو سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے پرعملدرآمد اور تیکنیکی سہولت فراہم کرنے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے ساڑے 7 لاکھ ڈالر کی علیحدہ سے بھی قرض کی منظوری دی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ملنے والی اس قرض کی رقم سے پاکستان کی برآمدی اشیاء کو عالمی معیار مقابل بنایا جائے گا، اس کے علاہ ٹیکس پالیسی میں اصلاحات اور ٹریڈ فیسیلیٹنگ انسٹیٹوشنز کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی کا امکان ہے۔
واضع رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک گذشتہ 53 سال سے پاکستان میں معاشی اصلاحات کے منصوبوں کے لئے معاونت فراہم کررہا ہے۔
Comments are closed.