اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت نے ستمبر کیلئے طے کردہ معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں، پاکستان کا بیرونی اور مالیاتی خسارہ کم ہو رہا ہے، جس سے مہنگائی کم ہونے کی امید ہے۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت پر اپنا پہلا جائزہ مکمل کر لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ستمبر کیلئے طے کردہ معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں اور معاشی اصلاحاتی عمل کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
جائزہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے کافی پیش رفت کی، معاشی ترقی کی شرح کم لیکن مثبت ہے۔ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہو رہی ہے۔ جائزہ اجلاس میں معاشی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی سے بورڈ کوآگاہ کیا جائے گا۔ بورڈ کارکردگی کی بنیاد پر 45 کروڑ ڈالر کی قسط منظور کرے گا۔ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 28 اکتوبر سے 8 نومبر تک پاکستان میں رہا، اس دوران پاکستان کے ساتھ معاشی پالیسیوں کا تعین کیا گیا۔
Comments are closed.