اسٹیٹ بینک کا شرح سود13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی بیان جاری کردیا جس میں شرح سود 13.25 فیصد کی سطح پر برقرار ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، رواں مالی سال افراط زر 11 سے 12 فیصد رہنے کا امکان ہے، شرح سود 13.25 فیصد کی سطح پر برقرار ہے، مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں نجی قرضوں میں 4.1 ارب روپے کی کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک نے طویل المدتی فنانسنگ کے ذریعے 11.3 ارب روپے کے سرمایہ کاری قرضے جاری کیے، رواں مالی برس کی دوسری ششماہی میں مہنگائی کا دباؤ کم ہونے کا امکان ہے، کاروباری ادارے مہنگائی میں کمی کی توقع کررہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آٹو انڈسٹری، صنعت، سیمنٹ اور فولاد کی صنعتوں کی نمو میں کمی آئی ہے، برآمدی اور مسابقت والے شعبوں میں سرگرمیاں مستحکم ہورہی ہیں، زری پالیسی اور حقیقی شرح سود مہنگائی کو آئندہ 24 مہینوں میں 5 سے 7 فیصد تک محدود کرنے کے لیے مناسب ہے، جاری کھاتے میں مستحکم بہتری اور مالیاتی دوراندیشی کے تسلسل کے باعث مارکیٹ کے احساسات بہتر بن رہے ہیں۔

Comments are closed.