مہنگائی کے مارے عوام کیلئے نیا امتحان۔۔۔ آٹے کے بعد چینی کا بحران سر اٹھانے لگا

لاہور: مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ایک اور امتحان درپیش ہے، آٹے کے بعد اب چینی کا بحران پیدا ہونے لگا ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں چینی عدم دستیاب ہے تو کہیں اس کی قیمت 90 روپے تک پہنچ گئی۔

آٹے کے بعد اب چینی بحران نے سر اٹھا لیا، قیمت کیا بڑھی اتوار بازاروں سے چینی غائب ہی ہو گئی، سستی اشیاء کی خریداری کے لیے آئے شہری مایوس لوٹنے لگے۔ تھوک مارکیٹ میں چینی 2روپے فی کلو مہنگی جبکہ اوپن مارکیٹ میں چینی 90 روپے کلو تک جا پہنچی۔

چینی کی قیمت بڑھتے ہی ذخیرہ اندوزوں کو بھی منافع خوری کا بہانہ مل گیا لاہور کے ماڈل بازار میں لگے کریانہ سٹورز سے چینی غائب ہوگئی، شہری چینی کی خریداری کے لیے چکر لگاتے رہے مگر چینی نہ ملی۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ حکومت ان ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہی،آٹے کے بعد اب عوام کو چینی کے لئے خوار کیا جائے گا۔

 دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے چینی کا سرکاری ریٹ 70 روپے مقرر کیا ہے اس قیمت پر تو تھوک میں بھی چینی نہیں مل رہی، عوام کو کیسے 70 روپے کلو میں چینی فراہم کریں۔ وحدت روڈ ماڈل بازار انتظامیہ بھی بازار میں چینی کی کنٹرول ریٹ پر فروخت کو ممکن نہ بنا سکی۔

Comments are closed.