پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے پرُکشش ملک تسلیم کیا جا رہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان معیشت کے لئے گزشتہ سال دشوار تھا، لیکن اب معاشی استحکام کے بعد حکومتی توجہ سماجی و اقتصادی نمو کی طرف ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

 وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،  گورنراسٹیٹ بینک اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود بھی موجود تھے۔

وفد نے پی ٹی آئی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دیکھ رہے ہیں۔ وفد کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا وژن سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی کامیابی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانیوں سے متعلق ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ 28 درجے بہتر ہوئی، پاکستان لامحدود مواقعوں کی سرزمین ہے یہاں خاص طور پر نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار فراہمی کے لئے سب سے بڑے منصوبے ‘کامیاب جوان پروگرام’ کا آغاز کیا ہے۔ہنر مند پاکستان پروگرام سے بھی غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لئے احساس پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے۔ غریب اور نظرانداز طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کو کاروباری منصوبوں میں مکمل مدد اور سہولت کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.