کراچی: کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے سرمایہ نکالنا شروع کر دیا۔
چار برسوں کے وقفے کے بعد گزشتہ سال غیرملکی سرمایہ کاری میں بتدریج اضافہ ہوا تھا مگر اب کورونا کے دنیا بھر میں خطرات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار سرمائے کے انخلا کوترجیح دے رہے ہیں۔ تاہم معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت میں بحالی کے آثار نظر آتے ہی غیرملکی سرمایہ کار ایک بار پھر ترقی پذیر معیشتوں کا رخ کریں گے۔
ماہرین کا کہنا کہ جب عالمی معیشت کی بحالی کا آغاز ہوگا تو اس کے اثرات اسٹاک مارکیٹوں پر نظر آئیں گے۔ اس وقت غیرملکی سرمایہ کار ترجیحاً ترقی پزیر مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کی کوشش کریں گے جو کورونا وائرس پر اوور ری ایکٹ کرگئی ہیں۔
رواں برس یکم فروری سے لے کر6 مارچ تک انھوں نے 73.09 ملین ڈالر نکال لیے۔ آئندہ مہینوں میں پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں صورتحال بہتر ہوسکتی ہے کیوں کہ رواں ماہ ( مارچ) یا پھر مئی میں شرح سود میں کمی کی توقع کی جارہی ہے۔
Comments are closed.