کورونا وائرس کے پیش نظر عوامی ریلیف کیلئے 1200 ارب روپے کا معاشی پیکج منظور

اسلام آباد: حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے 12 سو ارب روپے کا وزیراعظم معاشی پیکج منظور کر لیا۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کے پیکج میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

ای سی سی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جب کہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ معاشی پیکیج میں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے 70 ارب روپے کی منظوری دی، بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کیلئے 110ارب روپے فراہم کئے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 25ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت ریلوےکیلئے6ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظورکر دی، اس رقم سےوزارت ریلوےکے70ہزارملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کی جائےگی۔

Comments are closed.