امریکی خام تیل 41 فیصدسستا، پاکستان میں پٹرولیم قیمتوں میں 15روپے لٹرکمی متوقع

اسلام آباد/ نیویارک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایک مرتبہ پھر بڑا جھٹکا لگا ہے، ایک روز میں امریکی خام تیل کی قیمت 41 فیصد کمی کے بعد 34 سال پرانی سطح پر آگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے، اس دوران سعودی عرب، روس کے درمیان تیل کی قیمتوں پر ہونے والی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھی گئی تھی، اب ایک مرتبہ پھر امریکی خام تیل کی قیمت 41 فیصد نیچے گر گئی ہے جس کے بعد امریکی خام تیل 10.34امریکی ڈالر فی بیرل پر فروخت ہونے لگا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 34 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل برآمد کرنے والے ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی پیداوارمیں کٹوتی تو کی گئی مگر اب بھی پیداوار طلب سے زیادہ ہے۔دوسری جانب مختلف ممالک کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کی جگہ بھی ختم ہوتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خام تیل کی قیمتیں گر کر اس وقت 21 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو جانے سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے، اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے لٹر کمی کا اعلان کر دے تو رمضان میں پھل، سبزیاں اور دیگر اجناس کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں۔

Comments are closed.