وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد:وزارت خزانہ نے ملکی معیشت کے حوالے سے ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔ ترسیلات زر، نان ٹیکس آمدن اور براہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ہوئی جبکہ برآمدات سمیت درآمدات، ایف بی آر محصولات اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زر 9.6 فیصد اضافے سے 12.9 ارب ڈالر، ملکی برآمدات 28.9 فیصد اضافے کیساتھ 12.3 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 64.4 فیصد اضافے کیساتھ 29.9 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں ۔ کرنٹ اکاوٴ نٹ خسارے میں 7.1 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جو جی ڈی پی کا 5.3 فیصد تک پہنچ گیا ،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 12.3 فیصد کمی کیساتھ 797.7 ملین ڈالر رہی۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 455.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ زرمبادلہ ذخائر دسمبر کے تیسرے ہفتے تک 23.868 ارب ڈالر رہے ۔ چار ماہ میں ٹیکس ریونیو 36.8 فیصد اضافے سے 2319.1 ارب روپے اور جولائی سے اکتوبر تک مالیاتی خسارہ 587 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ۔ نومبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.5 فیصد رہی۔

Comments are closed.