پاکستان کا روس سے 1 لاکھ 80 ہزار ٹن گندم رعایتی نرخ پر خریدنے کا فیصلہ

حکومت نے چینی کے بعد گندم بھی بیرون ملک سے درآمد کا فیصلہ کر لیا ہے، پاکستان ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے روس سے ایک لاکھ 80 ہزار ٹن گندم رعایتی نرخ پر خریدے گا۔

حکومتی سطح پر گندم کی درآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان نے روس سے حکومتی سطح پر گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،زرائع کے مطابق کابینہ نے گندم کی درآمد کیلئے روس کے ساتھ ایم او یو کرنے کی منظوری دے دی ہے یہ منظوری سرکولیشن کے زریعے دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق روس نےعالمی مارکیٹ سے سستے ریٹ پر پاکستان کو گندم فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد روس کی جانب سے گندم کی قیمت سے متعلق بتایاجائے گاپاکستان نے روس سے گندم کی خریداری کیلئے پاسکو کو نامزد کردیا ہے۔

دستاویز کے مطابق پاکستان حکومتی سطح پر کم سے کم 1لاکھ 80 ہزارٹن گندم درآمد کرےگا، گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ گندم خریدنے کے لئے پاکستان نے خطوط ایران، یوکرین اور روس کو لکھے تھے، روس کی جانب سے خط کا مثبت جواب موصول ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے جواب پر حکومت نے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،حکومت نجی شعبے کے ذریعے الگ سے گندم درآمد کر رہی ہے اور ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے بھی گندم درآمد کرنے کا عمل جاری ہے۔

Comments are closed.