سرمایہ کاروں کے تحفظات دورکرنے کیلئے پرعزم ہیں،سردار تنویرالیاس

راولپنڈی: چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پنجاب سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے لئے پنجاب میں ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ماضی کی طرح ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو صنعتی یونٹ قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پنجاب سردار تنویر الیاس خان سے تاجر رہنماوں کے وفد نے ملاقات کی۔ تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ انوسٹمنٹ بورڈ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا دست راست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو صنعتی یونٹ قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطاق سرمایہ کاروں کے تمام تحفظات دور کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ تاجرتنظیموں کے تعاون اور مشاورت سے ملک میں صنعت و حرفت کی ترقی میں کوئی روکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا۔

چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے کہا کہ آئندہ دو ماہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی توقع ہے، بڑے سرمایہ کار گروپ رابطے میں ہیں، جلد باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں ریکارڈ سرمایہ کاری لائیں گے۔

Comments are closed.