عالمی بینک پاکستان میں ہاؤسنگ سیکٹر میں 500 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا

لاہور: پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پیچو موتو کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان میں ہاؤسنگ کے شعبہ کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ جس سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تعاون اور معاونت سے خیبرپختونخوا، سابق فاٹا اور بلوچستان میں ہاوسنگ کیلئے طویل المعیاد قرضوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں عالمی بینک کے پاکستان میں سربراہ نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ کا ادارہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن پاکستان میں مارگیج ری فنانس سکیم لمیٹڈ میں 500 ملین ڈالرکی ایکویٹی سرمایہ کاری کرے گا۔

ان کا کا مزید کہنا تھا کہ اس سرمایہ کاری کا مقصد پاکستان میں مکانوں کی تعمیر کیلئے معقول اور آسان قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیزکرنا ہے۔ پاکستان میں 2030ء اور 2040ء کے درمیان شہروں اور قصبات کی آبادی دوگنا ہونے کا اندازہ ہے اور اس آبادی کیلئے مناسب مکانات کی فراہمی ایک اہم چیلنج ہوگا۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ مکانوں کی کمی ہے جس میں سالانہ 7 لاکھ یونٹ کا اضافہ ہو رہا ہے، اسکے برعکس پاکستان میں مکانوں کیلئے قرضہ حاصل کرنے کی شرح 0.3 فیصد ہے جوجنوبی ایشیاء کے دیگرممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

الانگو پیچو موتو کا کہنا تھا جنوبی ایشیاء میں گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کی اوسط شرح 3.4 فیصد ہے۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تعاون اومعاونت سے خیبرپختونخوا، سابق فاٹا اور بلوچستان میں ہاوسنگ کیلئے طویل المعیاد قرضوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

Comments are closed.