سعودی بیل آؤٹ پیکج کا اعلان: سٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر سستا ہوگیا

کراچی: پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سعودی عرب کی جانب سے بیل آوٹ پیکیج ملنے کے بعد مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ سعودی پیکج کے اعلان کے بعد نہ صرف پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی دیکھی گئی بلکہ ڈالر کی قیمت میں بھی ایک روپے 91 پیسے کی کمی ہوگئی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 39 ہزار100 کی سطح بھی عبور کرگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی اور ڈالر کی قدر1 روپے 91 پیسے کی کمی سے 132 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قدر40 پیسے کم ہوکر 133 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگئی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر 3 ارب ڈالر کا قرض اور 3 ارب ڈالر کا سالانہ تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments are closed.