اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، صدر نانبائی ایسوسی ایشن اسلام آباد سجاد عباسی نے 16 نومبر کو ہڑتال کرنے کی کال واپس لے لی۔
آج جمعۃ المبارک کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور صدر نانبائی ایسوسی ایشن اسلام آباد سجاد عباسی کی قیادت میں وفد کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ جس میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے 16 نومبر کو ہڑتال کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو بتایا کہ انہوں نے تمام فلور ملز مالکان کو احکامات جاری کر دیئے ہیں، نان بائیوں کو فائن آٹا 4 ہزار 300 روپے فی بوری فراہم کیا جائے گا۔
سجاد عباسی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نانبائیوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حمزہ شفقات کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے آٹے کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ خوراک اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد آئندہ بھی نانبائیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کرتے ہیں۔
صدر نانبائی ایسوسی ایشن اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور 16 نومبر کو تندور بند رکھنے اور ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کیا۔

Comments are closed.