اسلام آباد: آزاد کشمیر کے پانچ ہونہار طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے ترکی جائیں گے۔ پاکستان میں ترک سفیر احسان مصطفیٰ یردوکل نے کشمیری طلبہ کو سکالر شپ ایوارڈ لیٹر دیے۔
سکالرشپ ایوارڈ دینے کی تقریب کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔ صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان اور ترک سفیر احسان مصطفیٰ یردوکل نے تقریب میں شرکت کی۔ سکالرشپ ایوارڈ لیٹر حاصل کرنے والوں میں سیدہ علیزہ علی نقوی، محمد رمیز اکرم، سید ثقلین حسین نقوی، فضل رحمان اور سالک وسیم عباسی شامل تھے۔
صدر آزاد کشمیر مسعودخان نے سکالرشپ پر ترکی جانے والے طالب علموں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین مثالی تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی، سفارتی اور ثقافتی اور مذہبی تعلقات قائم ہیں۔ ترکی حکومت نے زلزلہ کے دوران آزاد کشمیرمیں بحالی و تعمیر نو کے لیے اہم کردار اداکیا۔
ترک حکومت آج بھی کشمیری عوام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے طالب علموں کو اعلی تعلیم کیلئے بھجوا رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، ترکی جانے والے تمام طلبہ و طالبات پاکستان اور کشمیر کے سفیر ہیں۔ طلبہ پر بڑی زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک کا نام روشن کریں۔
ترک سفیر احسان مصطفیٰ یردوکل نے کہا کہ ترک حکومت اور عوام کو کشمیر اور کشمیری عوام سے محبت اور ہمدردی ہے۔ انہوں یقین دلایا کہ وہ ترکی کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کو ہائرایجوکیشن کمیشن کے ذریعے مزید سکالرشپ دینے کے لیے بات کریں گے۔
طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے احسان مصطفیٰ یردوکل نے کہا کہ ترکی پاکستانی طلبہ کیلئے اپنے ملک اور گھر کی طرح ہے۔ کشمیری طالب علموں کا ترک بہن بھائی استقبال کریں گے۔
Comments are closed.