ذہنی دباؤ سے بچنے کیلئے امریکیوں کا ڈاکٹر گوگل سے رابطہ

مانیٹرنگ رپورٹ

واشنگٹن: صحت کے مسائل کے جواب حاصل کرنے کے لیے متعدد امریکی گوگل سے رابطہ کر رہے ہیں۔  اور بیماریوں سے متعلق معلومات اور علاج کی تلاش میں گوگل سرچ انجن کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیکیئر ہیلتھ پلانس کے نجی ادارے کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ہر ریاست میں انٹرنیٹ پر علامات کی سب سے زیادہ سرچ اسٹریس (ذہنی دباؤ) کے بارے میں کی جاتی ہے۔

ذہنی دباؤ کی بیماری کے بارے میں جن امریکی ریاستوں سے سب سے زیادہ سوال پوچھے جاتے ہیں اُن میں کنیٹی کٹ، ڈلاویر، الی نوائے، آئیووا، کینساس، میساچیوسٹس، مِزوری، پینسلوانیا، اوریگن اور ورجینیا شامل ہیں۔

امریکن سائکولوجیکل ایسوسی ایشن (اے پی اے) کے مطابق، لوگوں کو طویل عرصے سے پیسے اور روزگار سے متعلق مسائل لاحق رہے ہیں، جن کے باعث اُنھیں ذہنی دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔

اے پی اے کے ایک عوامی جائزے کے مطابق، 2016ء کے صدارتی انتخابات ذہنی دباؤ کا بہت بڑا سبب بنے، جس سے امریکیوں کی نصف آبادی، 52 فی صد متاثر ہوئی۔

امریکن سائکولوجیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دونوں اہم سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی بالغ آبادی کی اکثریت کا کہنا ہے کہ اُنھیں امریکہ کے مستقبل کے بارے میں پریشانی لاحق ہے۔

مزید برآں، ’میڈیکیئر ہیلتھ پلانس‘ نے بتایا ہے کہ دیگر بیماریاں جن پر وسیع تردھیان مبذول ہوتا ہے، وہ ہیں فلو اور بخار۔ زکام، بند ناک اور بلغم کی علامات اور 2018ء کے دوران فلو کی علامات کا عارضہ ٹیکساس، فلوریڈا، نیو میکسیکو اور ورمونٹ کی ریاستوں کے لیے خاصی تشویش کا باعث بنا رہا۔

نیو یارک ریاست میں بے خوابی صحت کا اہم مسئلہ ہے، ’’جو شہر کبھی سوتا نہیں ہے‘‘۔ ساؤتھ کیرولینا اور وسکانسن کے لوگوں کو پیٹ کی بیماری پریشان کیے ہوئے ہے، جب کہ الاسکا کے لوگ خراٹے کے بارے میں معلومات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

کچھ لوگ ایسے ہیں جو انٹرنیٹ پر اپنی سرچ میں پسینے اور ختنہ نہ ہونے کے غیرمعمولی مسائل کا جواب جاننا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.