لندن: پاکستان کے علاقے چارسدہ سے تعلق رکھنے والی سر جڑی بچیوں صفا اور مروہ کی برطانیہ کے گریٹ اورمونڈ اسٹریٹ اسپتال میں کامیاب سرجری مکمل کر لی گئی، 50 گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد سرجڑی جڑواں بچیوں کو علیحدہ کردیا گیا۔
دو سالہ سر جڑی صفا اور مروہ کے الگ کرنے کے لیے 5 ماہ کے عرصے کے دوران 3 آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر50 گھنٹے لگے اور100 رکنی میڈیکل ٹیم نے حصہ لیا۔
برطانیہ کے اسپتال میں بچوں کا پہلا آپریشن 19 ماہ کی عمر میں اکتوبر 2018 میں ہوا۔ وہ آپریشن 20 گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں 20 رکنی میڈیکل ٹیم نے حصہ لیا، جبکہ آخری آپریشن 11 فروری کو ہوا۔ پھر ان بچیوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا اور رواں ماہ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحت مند قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی۔
صفا مروہ پشاور کے علاقے حیات آباد کے ایک اسپتال میں سات جنوری 2017 کو پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے سر جڑے ہوئے تھے اور انہیں میڈیکل کی زبان میں’ کارنیوپیگس ٹوئن’ کہا جاتا ہے۔ بچیوں کی پیدائش سے دو ماہ قبل ان کے والد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے نام مکہ میں مقدس پہاڑیوں صفا اور مروہ کے نام پر رکھے گئے۔
اس آپریشن کے لیے تمام بھاگ دوڑ کشمیر سے تعلق رکھنے والے اویس جیلانی نے کی جو گریٹ اورمونڈ اسٹریٹ اسپتال میں پیڈیاٹرک سرجن ہیں۔ لندن کا یہ اسپتال بچوں کے علاج کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس آپریشن پر خطیر رقم درکار تھی جو بچیوں کے اہل خانہ کے پاس نہیں تھی چنانچہ علاج کے بیشتر اخراجات پاکستانی تاجر مرتضیٰ لاکھانی نے اٹھائے۔
Comments are closed.