پولیو کے مزید5 کیسز رپورٹ، ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 58 ہو گئی

اسلام آباد: حکومتی کوششوں کے باوجود ملک میں پولیو کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ سے مزید 5 پولیو کے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد بڑھ کر 56 ہو گئی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ خطرناک ہو رہی ہے۔ پختونخوا کے علاقوں بنوں، وزیرستان اور ہنگو سے مزید تین جب کہ سندھ کے ضلع حیدر آباد سے 2 بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع میں 26 اگست سے پولیو مہم شروع ہو رہی ہے۔

ملک بھر میں رواں برس سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 58 تک پہنچ گئی ہے۔ جن میں سے 44 صرف خیبرپختونخوا کے علاقوں سے سامنے آئے۔ رواں برس اب تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد گزشتہ تین برسوں کے مجموعی پولیو کیسز سے بھی بڑھ چکی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا سے اب تک44 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ جب کہ پنجاب سے اب تک 5 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ سے5 بلوچستان سے 4 جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

Comments are closed.