پاکستان میں کورونا وائرس کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کر دی۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایک کیس سندھ اور ایک وفاق میں رپورٹ ہوا۔ پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے صحت یاب ہور ہے ہیں۔

اس ضمن میں محکمہ صحت سندھ نے بھی کراچی میں کورونا وائرس کے نئے مریض کی تصدیق کردی۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں مذکورہ نئے کیسز کی تصدیق صبح 5 بجے ہوئے اور متاثرہ شخص نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا۔متاثرہ شخص سمیت ان تمام افراد کو اسکریننگ کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن سے وہ رابطے میں رہا۔

معاون خصوصی نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ مریضوں سے متعلق ان کی ذاتی معلومات نشر کرنے سے گریز کریں۔کورونا وائرس کے حوالے سے کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا تاہم پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے منقطع ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ٹیم بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزارت صحت کرونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اقدام کررہی ہے تاہم بہت جلد وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں  نے کہا کہ اپوزیشن ایسے ایشوز پرسیاست کرنے سے گریز کرے کیونکہ پاکستان میں کروناوائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے۔

کورونا وائرس گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا تھا،دنیا کے سب سے بڑے آبادی کے حامل ملک میں شروع ہونے والے اس مہلک وائرس سے مزید 71 ہلاکتیں ہو گئی ہیں جس سے صرف چین میں اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2ہزار 633 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 77 ہزار سے زائد افراد اب تک اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

چین کے بعد سب سے زیادہ 977 کیسز جنوبی کوریا سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 10 افراد ہو چکے ہیں، کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایران دوسرے نمبر پر ہے جہاں 19 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Comments are closed.