کورونا وباء کب ختم ہوگی کوئی نہیں بتاسکتا،ٹیلی اسکول چینل احسن اقدام ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا کب ختم ہوگی اس وقت یہ کوئی نہیں بتا سکتا۔ موجودہ صورت حال میں ٹیلی اسکول چینل کا آغاز بہترین اقدام ہے جسے وباء کے بعد بھی جاری رہنا چاہیے۔

ٹیلی اسکول چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث آج جو حالات ہیں وہ ملک نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھے، موجودہ صورتحال میں ٹیلی اسکول چینل کا آغاز بہترین قدم ہے اسے کورونا وباء کے بعد بھی جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی اسکول چینل سے دور دراز کے علاقے بھی مستفید ہوں گے، کئی ایسے علاقے ہیں جہاں ٹی وی پہنچ گیا لیکن اساتذہ نہیں پہنچے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں سب سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ان کے لیے یہ چینل آگے چل کر بہت فائدہ مند ہوگا۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ ان کے آبائی حلقے میانوالی سمیت ملک کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں تعلیم کا معیار اچھا نہیں ہے، اس پروگرام سے ان علاقوں کے گھروں تک تعلیم پہنچے گی جبکہ موبائل فون کی وجہ سے بڑے بزرگ بھی پڑھنا لکھنا سیکھنا چاہتے ہیں، حکومت اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے جو مدد ہوسکتی ہے کرے گی۔

ملک میں جاری کورونا وائرس کی وباء سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی اس وقت جو صورتحال ہے کوئی نہیں کہہ سکتا کہ اسے ختم ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

Comments are closed.