برسلز: پوری دنیا کی طرح یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک عالمی وباء سے بچاؤ کے لئے موثر اور مصدقہ ویکسین کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، یورپین کمیشن نے معروف دوا سازکمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک سے 30 کروڑ افراد کے لئے انسداد کورونا ویکسین خریداری کا معاہدہ کر لیا۔
یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب رواں ہفتے دواساز کمپنی فائزر نے بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کی جانے والی انسداد کورونا ویکسین کے 90 فیصد موثر نتائج سامنے آنے کا اعلان کیا تھا، فائزر دنیا کی پہلی ادویہ ساز کمپنی ہے جس نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائل کیے۔
یورپین کمیشن کی صدر ارسولہ وون درلائن اس حوالے سے کہا ہے کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے یورپی کمپنی بائیو این ٹیک اور فائزر سے انسداد کورونا کی 30 کروڑ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت یورپی یونین کے 27 رکن ممالک اپنے شہریوں کے لئے ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں خرید سکیں گے جب کہ مزید 10 کروڑ خوراکیں خریدی جا سکیں گی، ویکسین خریداری کا عمل اس وقت شروع ہو سکے گا جب یورپی یونین کے ڈرگ ریگولیٹر دوا کو مصدقہ اور موثر قرار دیں گے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین اپنے شہریوں کے لئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دستیابی یقینی بنانے کے لئے مختلف دواساز کمپنیوں کے ساتھ پہلے بھی معاہدے کر چکا ہے جو کہ انسداد کورونا ویکسین کی تیاری کے تجربات کر رہی ہیں۔
Comments are closed.