اسلام آباد:وفاقی وزیراسد عمرکی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی تیسری لہر پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔این سی او سی نے اپیل کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ شہری ضرور ویکسین لگوائیں۔ رمضان المبارک کے لیے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی گئی ہیں
این سی او سی کے مطابق کوروناکیسز میں اضافے کی وجہ سے 594 آکسیجن بیڈ فراہم کیے گئے ہیں،اضافی آکسیجن بیڈ میں پشاوراورسوات کوترجیح دی گئی ہے ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ 65 سال سے زائد عمرکے افراد کو ویکسینیشن کی واک ان سہولت دستیاب ہے جبکہ تمام صوبوں میں سنگل ڈوز کین سائینو ویکسین کا آغاز 5 اپریل سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب این سی او سی کی مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز تراویح کیلئے جاری گائیڈز لائنز میں کہا ہے کہ صحن والی مساجد، امام بارگاہ میں نماز ہال میں ادا نہیں ہو گی، تراویح، کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے۔شہری سڑکوں، فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کریں۔مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہو گی اس لیے نمازی گھر سے وضو کر کے مسجد، امام بارگاہ آئیں اور جائے نماز بھی ساتھ لائیں۔
گائیڈ لائنز میں یہ بھی کہاگیاہے کہ مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی اور نماز فرش پر ادا کی جائے گی،مساجد کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے۔ 50 سال سے زائد العمر افراد ا، بچے اور فلو ،کھانسی میں مبتلا ا فراد مساجد میں نہ ا ٓئیں۔نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ آئیں اور مجمع لگانے سے گریز کریں۔صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے اور اس کے لیے نشانات لگائے جائیں۔مساجد اور امام بارگاہ انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کمیٹی تشکیل دیں ۔کورونا کی موجودہ صورتحال میں گھر پر اعتکاف کریں جبکہ مساجد، امام بارگاہوں میں سحر و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔
یہ بھی واضح کیاگیاہے کہ مساجد، امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو مشروط اجازت دی جا رہی ہے، ایس او پیز پر عدم عملدرآمد یا کورونا کیسز بڑھنے کی صورت میں پر پالیسی پر نظر ثانی ہو گی۔
Comments are closed.