ہلالِ احمر کے زیراہتمام ورلڈ والینٹئر ڈےکے موقع پرتقریب کا انعقاد

 اسلام آباد: ہلالِ احمر کے زیر اہتمام عالمی ”والینٹئر ڈے“کے موقع پر تقریب، رضاکارو ں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین ہلالِ احمر جناب ابرارالحق، وائس چیئرمین آصف باجوہ، ممبر منیجنگ باڈی بریگیڈئر(ر) عبدالہادی، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکر اس کے ہیڈ آف ڈیلیگیشنز پیٹر، آئی سی آرسی کے زبیرخان، ترُک ریڈکریسنٹ کے ابراھیم کارلوس کے علاوہ ہلالِ احمر کے افسران، رضاکار، کیڈٹ کالج حسن ابدال اور سلطانہ فاؤنڈیشن کے طلباء شریک تھے۔

اِس موقع پر ”ریڈٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے آئی ایف آرسی، آئی سی آرسی اور ہلالِ احمر کی جانب سے نمائندگان نے رضاکاروں کی اہمیت، افادیت اور اُن کی انسانیت کی خدمت پر مبنی سرگرمیوں کا احاطہ کیا۔اِس موقع پر چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے رضاکاروں کا کردار مسلمہ اہمیت رکھتا ہے، رضاکارکسی بھی معاشرے کا لازمی جزو ہیں۔کورونا وباء کے دوران ہلالِ احمر کے رضاکاروں نے گراں قدر خدمات پیش کرکے عالمی سطح پر نیک نامی کمائی ہے۔انہوں نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے تعاون سے رضاکاروں کا ملک بھر میں نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔اِس موقع پر کورونا وباء کے دوران آگاہی پھیلانے،محافظ فورس کے پلیٹ فارم سے متاثرہ گھرانوں کو پکا پکایا کھانا فراہم کرنے، ویکسی نیشن کیلئے آگاہی پھیلانے اور کورونا کیئر ہسپتال میں خدمات انجام دینے سے متعلق شرکاء کو آگاہی دی۔

ابرار الحق نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے سفر میں رضاکاروں کا کلیدی کردار ہے، خون کے عطیات جمع کرنا، آگاہی پھیلانے، نفسیاتی امداد کی فراہمی اور کسی بھی سانحہ، حادثہ میں بروقت ریسپانس اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں ہلالِ احمر کے رضاکار ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔چیئرمین ہلالِ احمر جناب ابرارالحق نے اپنے خطاب سے قبل رضاکاروں سے خدمت انسانیت سے متعلق حلف بھی لیا اور عالمی دِن کی مناسبت سے کیک کاٹا۔انہوں نے ”ریڈٹاک“ میں حصہ لینے والے شرکاء کو ہلالِ احمر کی جانب سے اعزازی شیلڈ دی، کیڈٹ کالج حسن ابدال کو بیسٹ یوتھ کلب کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔

 تقریب کے اختتام پر سہ ماہی کارکردگی سے متعلق پریس بریفنگ میں چیئرمین جناب ابرارالحق نے کہا کہ ہلالِ احمر کی ویکسی نیشن مہم جاری ہے، اب تک 5 لاکھ لوگ ویکسین لگوا چکے ہیں،2 لاکھ ویکسین کی خوراکیں ای پی آئی پروگرام کے توسط سے حکومت کے حوالے کی گئیں، آنے والے دِنوں میں مزید 2لاکھ خوراکیں حکومت کو فراہم کی جائیں گی۔ ہلالِ احمر کے زیر اہتمام گھر گھر ویکسی نیشن کا دائرہ کار 19 اضلاع تک بڑھا دیا گیا۔سرکاری ہسپتالوں کو 50 آکسیجن کنسنٹریٹر فراہم کیے گئے۔ملک بھر کے نو اضلاع میں 262 ہینڈواشنگ بوتھ اور 458 ہینڈواشنگ سٹیشن کی تنصیب کی گئی۔عوامی مقامات پر 394 بیت الخلاء بھی تعمیر کیے گئے ہیں،لگ بھگ 19 ہزار ہائیجین کٹس کمیونٹی سطح پر فراہم کی گئی۔زلزلہ متاثرہ خاران کے 650 خاندانوں کو امدادی پیکیج دیا گیا۔رواں ماہ کے آخر تک افغان مہاجرین تین ہزار گھرانوں کو فی کس 12 ہزار امدادی رقم بھی فراہم کردی جائے گی۔

چیئرمین ابرار الحق نے کہا رضاکاروں کی استعداد کار بڑھانا، مختلف طبّی مہارتوں سے لیس کرنا اور کسی بھی ناگہانی آفت، سانحہ، حادثہ میں بروقت ریسپانس سے متعلق تربیت دینا ہلالِ احمر کا طرہ امتیاز ہے۔ اگر حکومت نے تعاون کیا تو ملک بھر میں رضاکاروں کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ فرسٹ ایڈ سے 69 فیصد جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔اِس پروگرام کا دائرہ کار ملک گیر سطح تک بڑھائیں گے، انہوں نے کہا کہ ادارے کا آئینی مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

Comments are closed.