بیسک ایجوکیشن سکولز کے اساتذہ کا بچوں سمیت تیسرے روز بھی احتجاج

اسلام آباد: آل پاکستان بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کا بچوں سمیت اسلام آباد کی سخت سردی میں دن رات دھرنا ارباب اختیار کا دل موم نہ کرسکا۔ اساتذہ نے بنی گالہ اور پارلیمنٹ کی طرف مارچ کا الٹی میٹم دیدیا۔

کمیونٹی اسکولز کے اساتذہ نے ڈی چوک میں دھرنا تیسرے روز بھی جاری رکھا۔ کمسن بچوں کے ساتھ ایک اور رات کھلے آسمان تلے ،سردی میں ٹھٹھرتے گزاری۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلیم اوراساتذہ کےحالت زار میں تبدیلی کا نعرہ لگانےوالی پی ٹی آئی حکومت کی آنکھیں اور کان بند ہیں وہ فریادتک  نہیں سن رہی۔

دھرنا دینے والے اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ ان کو مستقل کیا جائے۔ وہ بقایاجات کی ادائیگی اور تنخواہوں میں اضافہ بھی چاہتے ہیں ۔

دھرنا دینےوالے ٹیچرز کو تاحال کوئی وزیر مشیر دلاسہ دینےآیا نہ مذاکرات کرنے۔ اساتذہ نےدھمکی دی ہےکہ اگر ان کےمطالبات نہ مانےگئےتو وہ بنی گالہ کی طرف مارچ کرنےپر مجبور ہوں گے۔

Comments are closed.