کرکٹ کا ملنگ شاندار انداز میں رخصت

کولمبو: سری لنکا کے اسٹار فاسٹ بولر لیستھ مالینگا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔ انھیں بنگلادیش سے سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار انداز میں رخصت کیا گیا۔

اپنے مخصوص ملنگ اسٹائل کی وجہ سے شہرت پانے والے لیستھ مالینگا کے آخری ون ڈے میچ کے موقع پر پریما داسا اسٹیڈیم کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ گرائونڈ میں مختلف مقامات پر مالینگا کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کی گئی تھیں۔ میچ کے اختتام پر ساتھی کھلاڑیوں نے لیستھ مالینگا کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ شاندار آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

لیستھ مالینگا کا ایک روزہ کریئر ریکارڈ ساز رہا۔ انھوں نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ 2004ء میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلا۔ مالینگا نے 226 ایک روزہ کرکٹ میچوں میں 28 رنز فی میچ کی اوسط سے 338 وکٹیں حاصل کیں۔

لیستھ مالینگا نے 2007ء کے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ صرف یہی نہیں، لیستھ مالینگا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 3 مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں مالینگا کی سب سے اچھی کارکردگی 38 رنز کے عوض 6 وکٹیں ہیں۔

لیستھ مالینگا نے 4 عالمی کپ مقابلوں میں 56 وکٹیں حاصل کیں اور وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کی موجودگی میں سری لنکا کی ٹیم کوئی ایک روزہ ورلڈکپ تو نہ جیت سکی مگر لیستھ مالینگا نے اپنی قیادت میں ملک کو 2014ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ضرور جتوایا۔

لیستھ مالینگا جاتے جاتے بھی سری لنکا کو فتح کا تحفہ دے گئے۔ انھوں نے بنگلہ دیش کیخلاف الوداعی میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Comments are closed.