کپتانی کی خواہش نہیں، پاکستان کے لئے زیادہ رنز بنانا چاہتا ہوں، بابر اعظم

ویرات کوہلی یا کسی بھی دوسرے بیٹسمین سے میرا موازنہ نہ کیا جائے، نوجوان بلے باز

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی بھی قومی ٹیم کی قیادت کی خواہش نہیں ہوئی اور وہ صرف پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز کرنا چاہتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں نوجوان بلے باز نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت کا فیصلہ کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے اور کھلاڑیوں کا کام ان کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہے، کبھی بھی قیادت کے بارے میں نہیں صرف پاکستان کے لیے کھیلنے کے بارے میں سوچا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو قیادت کے حصول کی کوششیں کرتے ہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ میری توجہ پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز کرنے پر مرکوز ہے۔ بابر کا کہنا تھا کہ بورڈ جس کو بھی منتخب کرے گا وہ ہی بہترین انتخاب ہو گا، میرے خیال میں سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں اور اس وقت احسن طریقے سے اپنی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے ورلڈ کپ میں بہت سست آغاز کیا اور جب ہم نے اپنی بہترین فارم حاصل کی تو اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ہمیں دو میچوں کی بھاری قیمت چکانی پڑی، پہلے ہمیں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست ہوئی جس سے ہمارا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا اور پھر آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا اور میں اس سے بہتر کھیل پیش کر سکتا تھا تاہم اب میری کوشش ہو گی کہ میں دوبارہ ان غلطیوں کو نہ دہراؤں، البتہ میں عالمی کپ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے اور ایک عالمی کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کا جاوید میانداد کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے کھیلتے ہوئے کسی بھی قسم کی تحریک یا موٹی ویشن کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ ملک کے لیے کھیلنے کا موقع ملنا ہی بڑے اعزاز کی بات ہے، اپنے ملک کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی سے موازنے کے بارے میں سوال پر بابر نے کہا کہ میرا ان سے موازنہ نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم دونوں بہت مختلف طرح کے کھلاڑی ہیں، میں نہیں چاہتا کہ میرا کوہلی یا دنیا کے کسی بھی کھلاڑی سے موازنہ کیا جائے۔

Comments are closed.